حکومت کی نااہلی اور محکمہ خوراک کی بدانتظامی کے باعث غریب عوام مجبور ہیں،عبدالقہار خان ودان

کوئٹہ(آوازٹائمز)پشتونخوا عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، سینئر نائب صدر سید شراف آغا، صوبائی نائب صدور اور دیگر صوبائی ایگزیکٹیوز نے کوئٹہ شہر اور اطراف کے اضلاع میں گندم کے مصنوعی بحران اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔پارٹی رہنماں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور محکمہ خوراک کی بدانتظامی کے باعث غریب عوام مجبور ہیں کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے میں خریدیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بروقت اور موثر اقدامات کیے جاتے تو آج نہ عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہوتے اور نہ ہی فلور مالکان کو مسائل کا سامنا ہوتا۔بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، سبی، زیارت، لورالائی، دکی، موسی خیل، ژوب، شیرانی، بارکھان، کوہلو اور دیگر اضلاع میں آٹا نایاب اور مہنگا ہو گیا ہے۔ 20 کلو آٹے کی بوری 2500 روپے، 50 کلو تھیلا 7000 روپے اور 100 کلو تھیلا 12,000 روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔پشتونخوا عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ گندم بحران پر فوری قابو پایا جائے، آٹے کی قیمتیں کم کی جائیں، تمام علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والے اور بدانتظامی کے مرتکب افراد کے خلاف شفاف تحقیقات کر کے کارروائی کی جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں