خضدار(ڈیلی آواز ٹائمز/عبدالکریم زہری) جشنِ آزادی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ خضدار نے ایک منفرد اقدام کے تحت ضلع کے پسماندہ علاقوں میں گراں قدر خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور طبی عملے کو اعزازات، تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔
اس سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول خضدار میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایم پی اے میر یونس عزیز زہری، کمشنر خضدار قادر بخش پرکانی، ڈی آئی جی پولیس وزیر خان ناصر، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی سمیت دیگر حکام اور معززین نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اور اس بار ان محنتی اساتذہ اور طبی عملے کو اعزازات دیے گئے ہیں جو مشکل حالات میں دور دراز علاقوں میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
تقریب کا سب سے جذباتی اور یادگار لمحہ وہ تھا جب کینسر جیسی موذی بیماری میں مبتلا ایک خاتون ٹیچر کو ان کی غیر معمولی فرض شناسی اور تدریسی لگن پر خصوصی اعزاز، تعریفی سند اور نقد انعام سے نوازا گیا، جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔
مہمانِ خصوصی ایم پی اے میر یونس عزیز زہری نے ضلعی انتظامیہ کی اس کاوش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے سرکاری ملازمین میں کارکردگی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ ملتا ہے۔ تقریب کے آخر میں مستحق افسران اور اہلکاروں میں اسناد و انعامات تقسیم کیے گئے۔






