دشت،زیر تعمیر چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 9مزدورکو اغوا کرلیا

کوئٹہ(اوازٹائمز/انعام اللہ اچکزئی)بلوچستان کے ضلع مستونگ کی تحصیل دشت کے علاقے سیاہ پشت میں گزشتہ شب زیر تعمیر چیک پوسٹ پر کام کرنے والے 9 مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، مزدور چیک پوسٹ کی تعمیر میں مصروف تھے کہ اچانک مسلح افراد جدید اسلحے سے لیس ہوکر موقع پر پہنچے، مزدوروں کو یرغمال بنایا اور زبردستی اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔اغوا ہونے والے مزدوروں میں سندھ کے رہائشی عطا محمد، علی نواز، نظر، حیدر اور یاسین شامل ہیں جبکہ چار دیگر مزدوروں کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔اطلاع ملتے ہی لیویز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ تاہم آخری اطلاعات تک اغواکاروں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ذرائع کے مطابق، اغواکاروں کی تلاش کے لیے حساس اداروں کی ٹیموں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے نے مقامی مزدور برادری اور تعمیراتی کمپنیوں میں سخت خوف و بے چینی پیدا کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں