کوئٹہ(آوازٹائمز)صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے: نجی ٹی وی:کو دیے گئے ایک خصوصی اور جرات مندانہ انٹرویو میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں، کیونکہ شدت پسند اپنے انتہاپسندانہ رویوں اور ریاست مخالف ایجنڈے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔سردار کھیتران نے کہا کہ دہشت گرد ہمیشہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر پاکستان کے سیکیورٹی ادارے ان کے عزائم ناکام بنا رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر انہیں دوٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ اب ریاست پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان کا دائرہ کار کابل اور جلال آباد تک ہے، جو ملک کے امن کو نقصان پہنچائے گا، وہ کہیں محفوظ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز مکمل طور پر پرعزم ہیں اور دشمن کے خلاف ہر محاذ پر کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فورسز وطن کی بقا اور امن کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں اور قوم ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آخر میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، ملک کی سلامتی اور بقا پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دشمنوں کو شکست دے کر ایک پرامن، مضبوط اور خودمختار پاکستان ہی ہمارا حتمی مقصد ہے






