ریڈ زون سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار منصوبے کا تفصیلی جائزہ، سیکرٹری مواصلات بابر خان کا زور معیار اور بروقت تکمیل پر

ریڈ زون کی سیکیورٹی مضبوط اور موثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،بابر خان
کوئٹہ(آوازٹائمز)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے ریڈ زون سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار منصوبے کے حوالے سے ساہیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے موقع پر چیف انجینئر کوئٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی، چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ، ایس پی ریڈ زون حنان اچکزئی سمیت مواصلات و تعمیرات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔سائٹ وزٹ کے دوران چیف انجینئر کوئٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان کو منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلووں اور تعمیراتی مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے منصوبے کو درپیش مختلف چیلنجز، سیکیورٹی خدشات اور انتظامی مسائل سے بھی آگاہ کیا، جن کے باعث منصوبے کی تکمیل میں درپیش رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے ریڈ زون کی سیکیورٹی پلان کے حوالے سے واضح اور سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ریڈ زون ایک انتہائی حساس مقام کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید مضبوط، موثر اور مستحکم بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار منصوبہ نہ صرف حساس سرکاری عمارات کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے میں معیار، شفافیت اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام تکنیکی و سیکیورٹی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تعمیراتی محکموں کے درمیان باہمی رابطہ مزید موثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خدشے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے منصوبے کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے اور پیش رفت سے متعلق وزیر اعلی بلوچستان کو باقاعدگی سے آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں