سرکاری وسائل کا مؤثر اور شفاف استعمال یقینی بنایا جائے،کمشنر لسبیلہ ڈویژن محترمہ ساہرہ عطا

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) کمشنر لسبیلہ ڈویژن محترمہ ساہرہ عطا کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے بعد ضلع حب کا پہلا تعارفی و محکمانہ اجلاس لیڈا (LIEDA) کانفرنس ہال حب میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر لسبیلہ ڈویژن محترمہ ساہرہ عطا نے کی جبکہ ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل، ایس پی حب مرزا بلال حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن کو ضلع حب کا جامع تعارف پیش کرتے ہوئے انتظامی ڈھانچے، ترقیاتی منصوبوں، عوامی خدمات، تعلیم، صحت، بلدیاتی امور، ریونیو، صنعتوں، پانی کی فراہمی، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، حکومتی اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر ایس پی حب مرزا بلال حسین نے ضلع میں امن و امان، سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، پولیس کی کارکردگی، حساس تنصیبات کی حفاظت، ٹریفک مینجمنٹ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے باری باری اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، درپیش مسائل، چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ اجلاس میں مختلف شعبوں کے مابین بہتر ہم آہنگی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر لسبیلہ ڈویژن محترمہ ساہرہ عطا نے تمام محکموں کی بریفنگ کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے، سرکاری وسائل کا مؤثر اور شفاف استعمال یقینی بنایا جائے اور تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، لہٰذا تمام محکمے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع حب میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز، امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام محکمے باہمی رابطے اور مکمل تعاون کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں