سوراب(آوازٹائمز)شہید سکندر آباد سوراب میں لیویز فورس کے آفیسران، جوانوں، قبائلی عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں شریک مظاہرین نے حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لیویز فورس کا تاریخی کردار اور شناخت ختم کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا: لیویز فورس ہماری پہچان ہے، انضمام نامنظور اور لیویز کو پولیس میں ضم کرنا استحصال ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیویز فورس ایک مقامی، بااعتماد اور مثر امن فورس ہے جس نے ہمیشہ قبائلی اور دیہی علاقوں میں اپنی فرض شناسی، قربانیوں اور عوامی تعاون سے امن و استحکام برقرار رکھا۔مقررین نے کہا کہ پولیس نظام میں ضم کرنے سے نہ صرف لیویز فورس کے کردار کو مسخ کیا جا رہا ہے بلکہ مقامی روایتی نظام کو بھی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر انضمام کا فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا






