پنجگور(ڈیلی آواز ٹائمز/چاکرصدیق بلوچ) ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضوں کو دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ٹیچنگ ہسپتال پنجگور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر عبدالغفار بلوچ نے کہا ہے کہ ہسپتال میں روزانہ تقریباً 15 سے 20 مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور مریضوں کو تشخیص و علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر عبدالغفار بلوچ نے کہا کہ پنجگور جیسے دور دراز علاقے میں ٹیچنگ ہسپتال عوام کے لیے صحت کی ایک اہم سہولت ہے۔ محدود وسائل کے باوجود ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین مریضوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کی کوشش ہے کہ دستیاب سہولیات کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں موجود مسائل اور سہولیات کی کمی سے وہ بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام تک مسائل پہنچائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کو مزید بہتر بنانے کے لیے اضافی وسائل، جدید طبی آلات اور دیگر ضروری سہولیات کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو مزید بہتر طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
سوشل میڈیا پر ہسپتال سے متعلق بعض رپورٹس کے حوالے سے ایم ایس ڈاکٹر عبدالغفار بلوچ نے کہا کہ تنقید ہر ادارے کی بہتری کے لیے ضروری ہے، تاہم تنقید حقائق اور شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض اوقات ایسی معلومات یا رپورٹس نشر کی جاتی ہیں جن کی ہسپتال انتظامیہ یا زمینی حقائق سے تصدیق نہیں کی جاتی، جس سے عوام میں غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہسپتال کی کارکردگی یا کسی سہولت کے حوالے سے کسی کو شکایت ہے تو براہِ راست ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے۔ دروازے کھلے ہیں، حقائق جاننے اور شکایات سننے کے لیے انتظامیہ موجود ہے۔
ایم ایس نے کہا کہ ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف محدود وسائل کے باوجود اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کی خدمات کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کسی بھی خبر کو تصدیق کے بغیر شیئر نہ کریں۔
ڈاکٹر عبدالغفار بلوچ نے مزید کہا کہ مثبت اور حقائق پر مبنی تنقید کا خیرمقدم کیا جائے گا، کیونکہ اس سے ادارے کی بہتری میں مدد ملتی ہے، تاہم جھوٹی، من گھڑت اور بے بنیاد رپورٹس سے نہ صرف عوام گمراہ ہوتے ہیں بلکہ مریضوں کی خدمت کرنے والے طبی عملے کی حوصلہ شکنی بھی ہوتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور ہسپتال کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے کوششیں جاری رہیں گی-








