پنجگور(ڈیلی آواز ٹائمز/چاکر صدیق بلوچ) رگورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن (GTA) پنجگور کے ضلعی عہدیداروں—صدر عبد الجبار، جنرل سیکرٹری محمد اکبر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری زاہد علی، چیئرمین محمد گل اور آرگنائزر دلجان بلوچ—نے پنجگور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجگور کو ونٹر زون سے نکال کر سمر زون میں شامل کرنے کے حکومتی فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ پنجگور میں شدید اور خون جما دینے والی سردی پڑتی ہے، جہاں صبح کا درجہ حرارت انتہائی کم ہوتا ہے۔ بنیادی سہولیات (دروازے، کھڑکیاں، ہیٹنگ وغیرہ) کی عدم دستیابی میں بچوں کو سکول بھیجنا ان کی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ عوامی نمائندوں سے اپیل: میر اسداللہ بلوچ، میر رحمت صالح بلوچ اور پھلین بلوچ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پنجگور کو دوبارہ ونٹر زون میں شامل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ حکومتی حکام سے مطالبہ کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری، وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سے فیصلے پر نظرثانی، موسمی حالات کا جائزہ لینے کے لیے پنجگور کے دورے اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ جی ٹی اے کی قیادت نے واضح کیا کہ فیصلے کی واپسی اور پنجگور کو دوبارہ ونٹر زون میں شامل کیے جانے تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔









