سینئر صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا

کوئٹہ(آوازٹائمز) بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر و پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ 05 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر دن کا مقصد منقسم کشمیر کے سبھی حصوں میں بسنے والے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے یہ دن منانے کا سلسلہ گذشتہ کئی سال سے بلا تعطل جاری ہے اور بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کے ساتھ 05 فروری کو پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ یکجہتی دن منانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ شیخ عبداللہ اور اندرا گاندھی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے وقت 1975میں وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 28 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منانے کا اعلان کیا تاہم اس دن کو سرکاری طور پر 05 فروری کے روز منانے کا آغاز 2004 میں ہوا، انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیریوں کے منصفانہ جہدوجہد، حق خود ارادیت، سیاسی و سفارتی حمایت اور غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ استصواب رائے کے ذریعے جس کے ساتھ جانا چاہیں جاسکتے ہیں، انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کشمیریوں نے جہدوجہد آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دیں اور مظالم برداشت کیے،76 برسوں سے بھارت غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کو ڈرانے اور دبانے کی مذموم مہم چلا رہی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے لوگ ان تمام انسانیت سوز سلوک اور مظالم کے باوجود اپنے وطن کی آزادی کیلئے جہدوجہد کر رہے ہیں ہم پاکستان کے عوام ان کی تحریک آزادی کی عظیم جہدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، میر صادق عمرانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا واحد اور حتمی حل صرف و صرف کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جمہوری طریقے سے اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ غیر جانب اور آزاد استصواب رائے سے کیا جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں