لاہور(روزنامہ آواز ٹائمز)نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔نگران وزیراعلی پنجاب نے رحیم یار خان کے علاقے کچہ کا دورہ کیا، محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں ڈاکوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور پولیس جوانوں کے جذبے کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعلی محسن نقوی، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساتھ پنجاب اور دیگر پولیس افسران نے جوانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں قائم پولیس چوکی، ڈسپنسری اور سکول کا بھی دورہ کیا اور شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلی کا کہنا تھا کہ شدید گرمی و حبس میں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کچے کے علاقے میں آیا ہوں، کچے کے علاقے میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور پولیس نے بیشتر ایریا شرپسندوں سے خالی کرا لیا ہے، قوم کو پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے جنہوں نے ہر موقع پر جرت کے ساتھ فرائض ادا کئے۔محسن نقوی نے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی بہادری اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، کچے کے علاقے میں پائیدار امن کا قیام پہلی ترجیح ہے، علاقے میں ترقی اور خوشحالی امن سے منسلک ہے، شرپسندوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیا جا رہا ہے، شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔






