زیارت،کوئٹہ(ڈیلی آوازٹائمز)شہدائے زیارت کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کو انصاف اور مطالبات کی منظوری تک زیارت اور کوئٹہ میں جاری دونوں احتجاجی دھرنے بدستور جاری رہیں گے۔اعلامیے کے مطابق ایک دھرنا ضلع زیارت میں ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے جبکہ دوسرا کوئٹہ میں شہدائے زیارت کی میتوں کے ہمراہ جاری ہے۔ دھرنا کمیٹی کا کہنا ہے کہ دونوں احتجاج اس وقت تک ختم نہیں کیے جائیں گے جب تک تمام جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اور شہدا کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ سال 2021 میں بھی اہلِ زیارت نے شہدا کی میتوں کے ہمراہ 11 روز تک تاریخی دھرنا دیا تھا، جبکہ اس بار بھی شہدائے زیارت کی میتوں کو پوری پشتون قوم کی امانت سمجھا جا رہا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ ابتدا ہی سے اس مقف پر قائم ہیں کہ شہدا کے حوالے سے جو فیصلہ پشتون قوم کرے گی، وہی ان کا فیصلہ ہوگا۔دھرنا کمیٹی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یہ آخری شہدا ہوں اور مستقبل میں کسی بھی پشتون کو دہشت گردی، تشدد اور خونریزی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پشتونوں کی جانوں کے ضیاع پر شدید تشویش ہے اور انصاف، تحفظ اور مطالبات کی منظوری تک زیارت اور کوئٹہ میں احتجاجی دھرنے ہر صورت جاری رہیں گے






