شہر میں جاری ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کے باعث مختلف شاہراہوں اور اہم چوراہوں پر ٹریفک کا دباو معمول سے کہیں زیادہ بڑھ گیا،ایس ایس پی

کوئٹہ (ڈیلی آوازٹائمز) ایس پی ٹریفک صدر کوئٹہ سید عاصم علی شاہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کے باعث مختلف شاہراہوں اور اہم چوراہوں پر ٹریفک کا دباو معمول سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے، لہٰذا عوام ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر جاری تعمیراتی کاموں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، تاہم ٹریفک پولیس شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے ایس پی ٹریفک صدر نے کہا کہ فیضی چوک سمیت مختلف مقامات پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی موثر اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا عملہ تمام اہم شاہراہوں، چوراہوں اور مصروف پوائنٹس پر محنت، لگن اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے سید عاصم علی شاہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی چلاتے وقت اپنی لین میں رہیں، ون وے کی خلاف ورزی سے گریز کریں، غیر ضروری اوور ٹیکنگ نہ کریں اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تعاون ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے انتہائی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور قانون کی پاسداری ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں