شہید محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کی روشن علامت تھیں،روزی خان کاکڑ

کوئٹہ (آوازٹائمز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر روزی خان کاکڑ نے محترمہ شہید بینظیر بھٹو کو ان کے 18ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کی روشن علامت تھیں، جنہوں نے اپنی پوری زندگی آمریت کے خلاف جدوجہد، عوامی خدمت اور وفاقِ پاکستان کے استحکام کے لیے وقف کیے رکھی۔ قید و بند، جلاوطنی اور مسلسل جان کے خطرات کے باوجود انہوں نے جمہوریت کے پرچم کو کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیا اور اپنی جان کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کر دیا کہ جمہوریت کی جنگ کبھی ختم نہیں ہوتی۔سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک سوچ، ایک تحریک اور ایک امید تھیں جو ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ ان کی زندگی قربانیوں، صبر اور مسلسل جدوجہد کی ایسی داستان ہے جس کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شہید محترمہ کے دو بھائیوں کو قتل کیا گیا، ان کے والد قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کو آمریت نے تخت دار پر چڑھایا، جبکہ خود محترمہ نے بدترین آمریت، قید و بند، جلاوطنی اور مسلسل جان کے خطرات کا سامنا کیا اور بالآخر عوام اور جمہوریت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ دے کر خود بھی شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ ان تمام آزمائشوں کے باوجود محترمہ بینظیر بھٹو نے کبھی عوام سے منہ نہیں موڑا اور نہ ہی جمہوریت کے راستے سے پیچھے ہٹیں۔ ان کی سیاست اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ خدمت، اصول اور عوامی حقوق کے لیے تھی۔ بطور وزیراعظم انہوں نے خواتین کے حقوق، تعلیم و صحت کے فروغ، آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ایسے تاریخی فیصلے کیے جو آج بھی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا حصہ ہیں۔سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا کہ آج چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شہید محترمہ کی جدوجہد، فکر اور عوامی سیاست کو نئی نسل تک منتقل کر رہے ہیں، جبکہ صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری اپنی سیاسی بصیرت، تدبر اور مفاہمتی حکمتِ عملی کے ذریعے اسی جمہوری نظام کو مضبوطی سے آگے بڑھا رہے ہیں جس کی بنیاد شہید محترمہ کی لازوال قربانیوں سے استوار ہوئی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کسی ایک دور کی کہانی نہیں بلکہ جمہوریت کی ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن اس جدوجہد کا امین ہے اور عوامی حقوق، آئین اور وفاقِ پاکستان کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں