شہید کانسٹیبل عبدالسلیم گدور کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک، پولیس کے چاک و چوبند دستے کی سلامی

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) گزشتہ شب ماربل سٹی کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل عبدالسلیم گدور کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں پولیس کے اعلیٰ افسران، سیاسی، سماجی و قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیانمازِ جنازہ میں ڈی آئی جی لسبیلہ رینج عبدالقیوم پتافی، ایس ایس پی حب مرزا بلال حسین، ڈی ایس پی حب سرکل امام بلوچ، ڈی ایس پی وندر سرکل محمد جان ساسولی سمیت پولیس کے افسران و اہلکار شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ معروف سیاسی و سماجی شخصیات سیف اللہ شیخ، وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب حاجی عظیم سیان، سابق وائس چیئرمین محمد یوسف بلوچ، عطاء اللہ رونجھو اور آصف شیخ نے بھی شہید کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی نمازِ جنازہ کے بعد ضلع پولیس حب کے چاک و چوبند دستے نے شہید کانسٹیبل عبدالسلیم گدور کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ فضا میں سلامی کے ساتھ شہید کی میت کو قومی وقار اور پولیس روایات کے مطابق آخری احترام دیا گیا، جبکہ پولیس اہلکاروں نے اپنے شہید ساتھی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیااس موقع پر ڈی آئی جی عبدالقیوم پتافی نے شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل عبدالسلیم گدور نے فرض شناسی، دیانت داری اور بہادری کے ساتھ محکمہ پولیس کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ایس ایس پی حب مرزا بلال حسین نے کہا کہ عبدالسلیم گدور کی شہادت محکمہ پولیس کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے، تاہم ان کی قربانی پولیس فورس کے حوصلے اور عوامی خدمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گی آخر میں شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کی گئی، جبکہ پولیس افسران اور شہریوں نے عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا.

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں