اسلام آباد(آوازٹائمز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بھارتی پراکسی “فتنہ الہندوستان” کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انجام دیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف جس موثر طریقے سے کارروائی کی، وہ ملک کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔صدر زرداری نے اس موقع پر دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں دیرپا امن کے حصول کے لیے “عزمِ استحکام” کے تحت جاری کارروائیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کے بغیر دہشت گردی کے نیٹ ورک کا خاتمہ ممکن نہیں، اور ان کی قربانیاں ملک کے امن کے لیے لازمی ہیں۔صدر نے مزید کہا کہ “پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے عزم اور حوصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی امن و سلامتی کے لیے ایک اہم قدم ہے، اور عوام کی حمایت سے سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردوں کے تمام نیٹ ورک کو بے اثر کرنے میں کامیاب ہوں گی۔صدر آصف علی زرداری نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر قوت سے کام کرے گا اور اس میں عوامی حمایت بھی کلیدی کردار ادا کرے گی






