صدر آصف علی زرداری کی شیخ محمد بن راشد المکتوم سے اہم ملاقات، معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

دبئی(آوازٹائمز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔ گفتگو میں بندرگاہوں کے انتظام، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں تعاون کے وسیع مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ صدر زرداری نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات، نجکاری کے عمل اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق آگاہ کیا۔صدر مملکت نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دبئی کے حکمران کے طور پر دو دہائیوں کی مثالی قیادت پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے دبئی کو سیاحت، مالیات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے کے ویڑن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دبئی کے کامیاب ترقیاتی تجربات سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور دوطرفہ تعلقات کی موجودہ سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر زرداری نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورہِ پاکستان اور پاکستانی معیشت کے لیے امارات کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے یو اے ای میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو بھی اجاگر کیا، جو دونوں ممالک کے عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔پاکستان صدر آصف علی زرداری نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے گرمجوشی سے قبول کیا گیا۔ ملاقات میں خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں