صدر مملکت کی سوئی ناردرن گیس کو صارف سے معافی مانگنے اور بل درستگی کی ہدایت

اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سوئی ناردرن گیس کو صارف سے معافی مانگنیاور بل کی درستگی کی ہدایت کی ہے،ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمپنی نے شہری کی رہائش گاہ پر ایک گیزر نصب کیا مگر دو گیزر وں کا غلط بل بھیج دیا گیا۔ کمپنی کے ٹھیکیدار نے کاغذات میں دو گیزر لکھ دیے۔ تصدیقی عمل میں ہیرا پھیری کیلئے اپنا رابطہ نمبر فراہم کیا۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کا ٹھیکیدار فراڈ کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔صدر مملکت نے کہا کہ شرمناک امر ہے کہ انتظامیہ کمپنی کے اندر بدعنوانی کو نظر انداز اور عوام کو ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی اور ملی بھگت کی وجہ سے معاملے کی تفتیش کی بجائے کمپنی غیر قانونی اقدام کا دفاع کر کے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے، معاملے کی انکوائری کی جائے، ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ایس این جی پی ایل کی اپیل مسترد کردی۔شہری طاہر حسین (شکایت کنندہ)نے وفاقی محتسب کو شکایت درج کروائی تھی کہ کمپنی کے اہلکار نے گھر میں ایک گیزر لگایا اور بتایا کہ ادائیگی قسطوں میں ہو گی۔ گیس کمپنی نے صارف کو ایک کی بجائے دو سولر گیزر کا بل جاری کردیا اور صارف کو بتایا گیا کہ دستاویزات کے مطابق رہائش گاہ پر دو گیزر نصب ہیں۔اس کے علاوہ صارف کو بتایا گیا کہ ٹھیکیدار شفقت نے گیزر لگایا جو دھوکہ دہی کے بعد فرار ہو گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں