گنداخہ(آوازٹائمز) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت میرا مشن اور ان کے مسائل کا حل میری سیاست کا محور و مقصد ہے۔ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے وہ دن رات کوشاں ہیں اور حلقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے گوٹھ سردار رستم خان جمالی، بکھرڑا اور اوستا محمد میں معززین، قبائلی رہنماں، بزرگوں اور نوجوانوں سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں عوام نے اپنے دیرینہ مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے عوامی مسائل کو بغور سنا اور ضلعی و تحصیلی انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں ترقیاتی اسکیموں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور زراعت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ لائیو اسٹاک کے شعبے کی بہتری سے دیہی معیشت مضبوط ہوگی اور ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت جدید ویٹرنری سہولیات، ویکسینیشن مہم اور مویشیوں کی افزائش نسل کے لیے نئے پروگرام متعارف کروا رہی ہے تاکہ کسانوں اور مویشی پال طبقے کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میرے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے ہر گاں، بستی اور فرد کی آواز بننا میری ذمہ داری ہے






