کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی بہنوں اور دیگر خواتین پر پانی کی شیلنگ انتہائی قابلِ مذمت، غیراخلاقی اور انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ ملک کے سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کرنے کی دانستہ کوشش بھی دکھائی دیتی ہے۔ انھوں نے کہا۔ کہ خواتین خصوصا معزز سیاسی رہنماں کے اہلِ خانہ کے ساتھ اس طرح کا رویہ کسی بھی مہذب معاشرے اور جمہوری نظام میں قابلِ قبول نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، مگر انسانی احترام اور اخلاقی حدود کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس طرح کے اقدامات ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ عوام میں بے چینی اور غم و غصہ پیدا کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی ہمیشہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے احترام کی بات کرتی رہی ہے، مگر بدقسمتی سے ملک میں طاقت کے غلط استعمال کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ ایسے اقدامات قوم کو تقسیم کرتے ہیں اور مسائل کو مزید بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے واضح پالیسی اپنائی جائے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی قیادت اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری اور قانونی راستہ اختیار کرے گی، اور کسی بھی قسم کی زیادتی یا جبر کے سامنے خاموش نہیں رہے گی






