اسلام آباد(آوازٹائمز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی کا حصہ بننے سے معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے اپنے اس فیصلے کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر ایک جاری بیان کے ذریعے کیا۔عمر ایوب خان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ اپنی کثیر الجہتی قانونی اور سیاسی مصروفیات کے باعث پولیٹیکل کمیٹی میں فعال کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پولیٹیکل کمیٹی کی رکنیت صرف ان افراد تک محدود ہونی چاہیے جو اس وقت پارٹی کے موجودہ عہدوں پر فائز ہیں، تاکہ تنظیمی معاملات زیادہ شفاف طریقے سے چلائے جا سکیں۔ عمر ایوب خان نے اپنی جگہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی میں شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی تناظر میں ان کی شمولیت سودمند ثابت ہو سکتی ہے۔اپنی سیاسی وابستگی کے حوالے سے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ بانی تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کمیٹی سے باہر رہ کر بھی پارٹی کے مفادات اور بانی پی ٹی آئی کے وڑن کے لیے کام کرتے رہیں گے






