سبی (آوازٹائمز) سبی کے 100 بیڈ پر مشتمل ٹیچنگ اسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق حکومت بلوچستان کی جانب سے شہریوں کو مفت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے بلند و بانگ دعوے محض بیانات اور فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں مریضوں کے معائنے کے بعد جب وہ ادویات لینے اسٹور پہنچتے ہیں تو عملہ انہیں ادویات کے بجائے پرچی واپس تھما کر باہر سے مہنگی ادویات خریدنے کا کہتا ہے۔ موسم کی تبدیلی، گردوغبار اور دھول مٹی کے باعث بڑی تعداد میں بچے، بزرگ اور خواتین سانس، کھانسی اور دیگر امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں، لیکن اسپتال میں ادویات نہ ہونے کے باعث مریض مایوس ہو کر واپس جانے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے صوبائی وزیر صحت اور وزیر اعلی بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ فوٹو سیشن کے بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو صحت کے شعبے میں حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے






