اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)عید الاضحی کے قریب آتے ہی ملک بھر کی عارضی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی، جہاں پرجوش خریدار خاص طور پر نوجوان منفرد ناموں اور بھاری وزن کے جانور خریدنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قیمتوں میں اضافہ کے باوجود زیادہ تر لوگ عید کے دن سے پہلے اپنی پسند کے جانور حاصل کرنے کے لیے جانوروں کی منڈیوں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ اپنے خاندان کے افراد بالخصوص بچے ذبح کرنے سے قبل ان جانوروں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں اور اللہ رب العزت کے حکم کو پورا کر سکیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک شہری نے کہا ہیکہ بچے مویشی منڈی میں لطف اندوز ہوتے ہوئے بہترین وقت گزار رہے ہیں۔خریداروں کی توجہ کے لیے قربانی کے جانوروں کو رنگ برنگے ہاروں، سٹرلنگ بینڈز، دیدہ زیب بیلٹوں اور تاجوں سے سجایا جا رہا ہے۔گائے، بیل، اونٹ، بکرے، بھیڑ کے بچے سمیت تمام قسم کے بھاری وزن اور مختلف غیر معمولی نام کے جانور ملک بھر کی مویشی منڈیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ فیصل آباد کی مویشی منڈی میں 300 کلو گرام سے زائد وزنی بکرا نوجوانوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔






