غریب عوام نان شبینہ کے محتاج، مہنگائی اور کرپشن معاشی دہشت گردی بن چکی ہے،افغان قومی موومنٹ

کوئٹہ(آوازٹائمز)افغان قومی موومنٹ (اے کیو ایم) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو عوام کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور غریب عوام نان شبینہ کے محتاج ہو گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ تیل کی قیمتوں میں ایک روپے اضافہ بھی عام شہری کی زندگی پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے، لیکن جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو ضروری اشیا میں کمی کے بجائے مزید اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے، جو حکومتی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ترجمان نے کہا کہ معاشی بحران نے مظلوم عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ہر چیز پر ٹیکس لگانا ظلم کی انتہا ہے اور تیل پر سو روپے تک ٹیکس عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ حکمرانوں نے غریبوں کی حالت بہتر کرنے کے لیے کوئی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھایا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک میں کرپشن عام ہو چکی ہے، ہر تیسرا شخص کرپٹ ہے اور یہ معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے، جس کے لیے سزاے موت کا قانون بنایا جانا ضروری ہے۔اے کیو ایم کے مطابق ملک کی 80 فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جبکہ ایک فیصد حکمران طبقہ عالمی مالیاتی اداروں سے اپنی عیاشیوں کے لیے قرض لیتا ہے۔ ہر پاکستانی بچہ پیدائش سے پہلے ہی ایک لاکھ ستر ہزار روپے کے قرض کا بوجھ اٹھا چکا ہے، جب کہ قرضوں کا بڑا حصہ کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے۔بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک میں دو قسم کی دہشتگردی موجود ہے: ایک وہ جو عوام کی جان و مال پر حملہ کرتی ہے اور دوسری وہ جو عوام کا پیسہ لوٹ کر ملک کو معاشی تباہی کی جانب دھکیل رہی ہے۔ دونوں اقسام کے لیے سخت ترین سزائیں ضروری قرار دی گئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں