قلات (آوازٹائمز)بلوچستان کے ضلع قلات میں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یکم نومبر کی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے موثر کارروائی کی، جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد متعدد سابقہ دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ باقی دہشتگردوں کو بھی مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد دہشتگردی کی مہم جاری رکھیں گے تاکہ بلوچستان میں بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔آئی ایس پی آر نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز کے تعاون میں مدد فراہم کریں اور مشکوک عناصر کی فوری اطلاع دیں تاکہ دہشتگردی کے خطرات کو کم کیا جا سکے






