قلعہ عبداللہ میں دہشت گردوں کا لیویز پوسٹ پر خوفناک حملہ؛ پوسٹ انچارج شہید، سرچ آپریشن شروع کردیا

قلعہ عبداللہ(آوازٹائمز/انعام اللہ اچکزئی)قلعہ عبداللہ میں سیکیورٹی صورتحال اس وقت شدید کشیدہ ہوگئی جب دہشت گردوں نے لیویز فورس کی ایک چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کرکے پوسٹ انچارج کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دہشت گرد کوئٹہ چمن شاہراہ پر لوٹ مار میں مصروف تھے اور وین چھیننے کی کوشش لیویز اہلکاروں نے ناکام بنا دی۔ ناکامی کے بعد دہشت گردوں نے غصے میں آکر لیویز پوسٹ پر شدید فائرنگ کی۔ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی کے مطابق دہشت گرد حملے کے بعد اپنی ایک گاڑی موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے، جسے مشتعل مقامی افراد نے آگ لگا دی۔ ڈی سی نے کہا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔ڈی پی او قلعہ عبداللہ نے تصدیق کی کہ دہشت گرد گروہ کی پہاڑی پناہ گاہ کا مکمل محاصرہ کر لیا گیا ہے اور گروہ کے سرغنہ فقیر محمد کی زندہ یا مردہ گرفتاری تک آپریشن جاری رہے گا۔ ڈی پی او کے مطابق فقیر محمد 15 مختلف قتل کے مقدمات میں لیویز اور پولیس کو انتہائی مطلوب ہے اور طویل عرصے سے علاقے میں جرائم اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔سیکیورٹی اداروں کے مطابق آپریشن سخت ترین مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جبکہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر نفری بڑھا دی گئی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں