قومی صحت کے مقصد میں تعاون ہر شہری کا فرض ہے، ڈپٹی کمشنر انوار کاکڑ

کوئٹہ(آوازٹائمز)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ انوار کاکڑ نے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں خسرہ، روبیلا (MR) اور پولیو کے خلاف ویکسینیشن مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ مہم 10 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے دفتر سے جاری مراسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع کے تمام اسکولوں میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بچوں کو جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت بلوچستان کا اہم فیصلہ ہے۔ قومی صحت کے اس مقصد کے لیے فوری تعاون اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ناگزیر ہے۔ڈپٹی کمشنر انوار کاکڑ نے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ضلعی انتظامیہ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔مراسلے کی نقول سیکرٹری تعلیم، سیکرٹری صحت، پی ایس ٹو وزیراعلی، ایف او سی بلوچستان، ڈپٹی سیکرٹری (اسٹاف) چیف سیکریٹری آفس اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوئٹہ کو بھی ارسال کی گئی ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں