کوئٹہ (ڈیلی آواز ٹائمز/نیوز ڈیسک) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے لورالائی میڈیکل کالج کی سالانہ ایم بی بی ایس نشستوں کی تعداد 50 سے بڑھا کر 100 کرنے کی منظوری دے دی ہے، جسے بلوچستان میں طبی تعلیم کے فروغ اور مقامی طلبہ کے لیے میڈیکل کی تعلیم کے مواقع میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق PM&DC کے معائنہ کاروں نے 17 اور 18 اگست کو لورالائی میڈیکل کالج کا تفصیلی معائنہ کیا، جس میں تدریسی سہولیات، فیکلٹی، منسلک تدریسی ہسپتال، انفراسٹرکچر اور دیگر ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ مطلوبہ تقاضے پورے ہونے کے بعد کالج کو 100 نشستوں کے لیے منظوری دی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ نشستوں میں اضافہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت اور سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی کی نگرانی میں کی جانے والی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کے اعلیٰ سطحی وفد نے لورالائی اور تربت کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد متعلقہ تدریسی ہسپتالوں کو CPSP کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ سائٹس قرار دیا گیا، جس سے بلوچستان کے ڈاکٹروں کے لیے تخصصی اور پوسٹ گریجویٹ تربیت کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق صوبے کے دیگر میڈیکل کالجز کو بھی PM&DC اور CPSP کے مطلوبہ معیار کے مطابق بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ جھالاوان میڈیکل کالج خضدار اور مکران میڈیکل کالج تربت کے معائنے بھی رواں ماہ متوقع ہیں اور مطلوبہ تقاضے پورے ہونے کی صورت میں ان اداروں کے حوالے سے بھی جلد خوشخبری ملنے کی امید ہے۔
محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان میڈیکل کالجز میں نشستوں میں اضافے، پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے مواقع بڑھانے اور تدریسی ہسپتالوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ صوبے میں ڈاکٹروں کی کمی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔






