لورالائی میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خلاف اہم اجلاس، زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کا فیصلہ

لورالائی(آوازٹائمز)اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم کی زیرِ صدارت پوست کی غیر قانونی کاشت کے حوالے سے ایک اہم اور تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت، لیویز، پولیس، ریونیو، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کو ضلع کے مختلف علاقوں میں پوست کی ممکنہ کاشت، اس کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات اور درپیش چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پوست کی کاشت نہ صرف قانونا جرم ہے بلکہ یہ معاشرتی، معاشی اور صحت کے لحاظ سے بھی انتہائی نقصان دہ ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق پوست کی کاشت کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مشتبہ علاقوں کی بروقت نشاندہی کی جائے، فیلڈ سرویلنس کو موثر بنایا جائے اور غیر قانونی کاشت میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے موثر مہم چلائی جائے گی تاکہ کاشتکاروں کو پوست کی کاشت کے قانونی نتائج اور نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ محکموں کے درمیان باہمی رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے اور مشترکہ آپریشنز کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے آخر میں تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں اور اس حساس معاملے پر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں