راولپنڈی (آوازٹائمز)لیبیا کی عرب مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ، آرمی چیف و چیف اف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص خطے میں سیکورٹی صورتحال سمیت پیشہ ورانہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل رابطوں اور تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے لیبیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لئے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا، خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہونیوالی یہ ملاقات پاکستان اور لیبیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، قبل ازیں نور خان ایئربیس پہنچنے پر فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے استقبال کیا، انہوں نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا






