مالی بدعنوانی کے خلاف شفاف اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(آوازٹائمز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں عالمی انسداد بدعنوانی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد مالی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات، شفافیت اور قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی کو اجاگر کرنا تھا۔وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب اور اس کے افسران، بشمول چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد، مالی بدعنوانی کے خاتمے اور عوام کے مفاد میں غیر معمولی کارکردگی کے لیے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت نیب کو مکمل ادارہ جاتی آزادی فراہم کرتی ہے اور ادارے کے ذریعے کسی بھی قسم کے سیاسی انتقام کی حمایت نہیں کی جاتی۔وزیراعظم نے کہا کہ 2025 میں عالمی انسداد بدعنوانی دن کا عنوان نوجوانوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی کے خلاف: ایماندار باعزت مستقبل کی بنیاد رکھا گیا ہے، جو ملک کی نوجوان آبادی کو بدعنوانی کے خلاف اقدامات میں شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی بدعنوانی سے پاک معاشرہ ملکی ترقی، خوشحالی، مضبوط معیشت اور عوامی اعتماد کو یقینی بناتا ہے۔
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ نیب نے 2025 میں 5.1 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے اثاثے حاصل کرنے میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2022 کے بعد نیب میں اٹھائے گئے اصلاحاتی اقدامات نے ادارے کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری لائی ہے۔تقریب کے اختتام پر نیب کی غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افسران کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا اور وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران کو انعام کے طور پر تین اعزازیہ یا عمرے کی ادائیگی کا موقع فراہم کیا جائے۔تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ، نیب کے افسران، ڈی جی ایف آئی اے، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے سربراہان اور سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے UNODC کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل آف یوتھ افیئرز فلپ پولیر کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں