مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پاکستان کی اصل طاقت ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان سے تعلق رکھنے والی مسیحی برادری کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کرسمس کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسیحی شہدا کی عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے مسیحی برادری کے افراد سے ملاقات کی اور انہیں کرسمس کی مبارکباد دی۔ مہمانانِ خصوصی نے تمام مذہبی برادریوں کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی، تعاون اور قومی سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور کور کمانڈر کوئٹہ نے مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کو پاکستان کی اصل طاقت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا حسین گلدستہ ہے، جہاں تمام شہری برابر کے حقوق اور عزت کے مستحق ہیں۔اس موقع پر پاسٹر آصف جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی شہدا کی قربانیاں قومی یکجہتی کی مضبوط بنیاد ہیں اور یہ تقریب شہدا کی عظیم خدمات کو یاد کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور صوبائی حکومت قومی اتحاد کے فروغ، شہریوں کے تحفظ اور ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔تقریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں