مستونگ،ژلی پولیس چوکی کے قریب نامعلوم شخص کی لاش برآمد، شناخت نہ ہو سکی

مستونگ(آوازٹائمز)مستونگ میں ژلی پولیس چوکی کے قریب قومی شاہراہ کے کنارے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم تاحال متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی۔عینی شاہدین کے مطابق متوفی نے آسمانی رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے جبکہ اس کے پیروں میں چپل موجود تھی۔ لاش قومی شاہراہ کے کنارے پڑی ہوئی دیکھی گئی، جس کے بعد مقامی افراد نے متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اطلاع کے باوجود کافی دیر تک نہ پولیس اور نہ ہی ریسکیو اداروں کی ٹیم موقع پر پہنچی، جس پر انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لاش کو فوری طور پر تحویل میں لے کر شناخت اور واقعے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے کارروائی کی جائے۔واقعے کی وجوہات، متوفی کی شناخت اور دیگر تفصیلات کے حوالے سے تاحال سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ مزید معلومات کا انتظار ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں