مسلح افراد نے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنایا؛ سیکیورٹی فورسز کا علاقے کا محاصرہ، دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع

کوئٹہ( ڈیلی آوازٹائمز) بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں مسلح دہشت گردوں کے حملے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدور جاں بحق ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے نہتے اور معصوم مزدوروں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع واشک کے سرحدی علاقے ماشکیل میں مسلح دہشت گردوں نے مزدوروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد بلال، محمد حسن، محمد قدیر، محسن اور بلال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا اور وہ روزگار کے سلسلے میں علاقے میں مقیم تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ اور اس کے اطراف کا محاصرہ کر لیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے اور علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔سیکیورٹی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں دہشت گرد تنظیمیں سیکیورٹی فورسز کے مؤثر آپریشنز کے بعد دباؤ کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے معصوم شہریوں اور سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق نسلی بنیادوں پر شہریوں کو نشانہ بنانا خطے میں بدامنی اور نفرت پھیلانے کی ایک خطرناک سازش ہے۔ماہرین نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ کچھ عرصہ قبل کراچی سے سیاحت کی غرض سے کوئٹہ آنے والے ایک خاندان کو بھی اسی نوعیت کے حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد عناصر معصوم شہریوں کو ہدف بنا کر علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں