مولانا عصمت اللہ سمالانی کی خدمت قابل ستائش ہیں، مولانا عبدالوہاب زہری

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) جمعیت علماء اسلام محمود آباد و نیو بلوچ کالونی یونٹ کے امیر حضرت مولانا عبدالوہاب زہری، جنرل سیکرٹری مولانا یعقوب مگسی اور نائب ناظم اطلاعات مولانا عصمت اللہ سمالانی کے درمیان الحافظ جنرل اسٹور نیو بلوچ کالونی میں ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال سمیت علاقے کے عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے اہم مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر مولانا عبدالوہاب زہری نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث نیو بلوچ کالونی کی گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام عوامی مسائل کے حل کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔مولانا عبدالوہاب زہری نے مولانا عصمت اللہ سمالانی کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ شہریوں کے شناختی کارڈ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قابلِ قدر کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیو بلوچ کالونی کے بعض رہائشیوں کے شناختی کارڈز پر موجودہ پتہ ان کے آبائی علاقوں کا درج تھا، تاہم مولانا عصمت اللہ سمالانی کی کوششوں سے متعدد شہریوں کے موجودہ پتے نیو بلوچ کالونی منتقل کروائے گئے، جو عوامی خدمت کا قابلِ تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے علاقے کے شہریوں کو آئندہ انتخابات سمیت دیگر اہم معاملات میں بھی سہولت حاصل ہوگی۔آخر میں مولانا عصمت اللہ سمالانی نے حضرت مولانا عبدالوہاب زہری اور مولانا یعقوب مگسی کا الحافظ جنرل اسٹور پر تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں