اورماڑہ (آوازٹائمز)(مکران کوسٹل ہائی وے پر منگل کی صبح ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب جیونی سے کراچی جانے والی نجی کمپنی الحکیم بس سروس کی مسافر کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ دلتوس چڑھائی کے مقام پر تقریبا صبح 10 بجے پیش آیا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ نہایت تیزی سے پھیلی اور چند ہی لمحوں میں پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث کوچ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔ تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔شاہدین کے مطابق بس عملے اور مسافروں نے بروقت حاضر دماغی دکھاتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت فورا بس سے نکل کر اپنی جانیں بچائیں، جس کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کا سبب بس کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ بتایا جا رہا ہے۔ فورسز اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور ٹریفک بحال کرنے کا کام مکمل کیا






