ندیم بابرخلیجی ممالک کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل بن گئے

کوئٹہ(آوازٹائمز) پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر محمد ندیم بابر خلیجی ممالک کی کرکٹ آسمان کے روشن ستارے اوراپنی شاندارپرفارمنس کی بدولت خلیجی ممالک کے نوجوان کرکٹرز کیلئے ایک رول ماڈل کرکٹر بن گئے۔سعودی عرب کی قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد ندیم بابر کو خلیجی دنیائے کرکٹ کی نمایاں ترین شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ندیم بابر نے اپنی غیر معمولی آل راو نڈ کارکردگی، قیادت اور بین الاقوامی تجربے کے باعث کرکٹ حلقوں میں منفرد پہچان بنائی۔ پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر محمد ندیم بابر نے سعودی عرب میں کرکٹ کھیلتے ہوئے 238 سنچریاں اور 2 ہزار سے زائد وکٹیں حاصل کرکے جو ریکارڈ بنایا وہ گلف کرکٹ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جاتا ہے۔ ان شاندار کارناموں پر انہیں گلف کرکٹ کا باوقار ڈان بریڈمین ایوارڈ بھی ملا، جو صرف غیر معمولی کھلاڑیوں کے حصے میں آتا ہے۔ندیم بابر نے پاکستان کے خلاف ایشیاالیون اور ورلڈ الیون کی نمائندگی کی، جبکہ انگلینڈ میں بھی کئی سال لیگ کرکٹ کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کی کارکردگی نے انہیں خطے کے معتبر ترین آل راو نڈرز میں شامل کر دیاہے۔ انہوں نے اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر اپنی ٹیموں کی قیادت کی اور بعدازاں ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کو قومی چمپئن شپ میں نمائندگی کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت کا عروج اس وقت دیکھا گیا جب وہ سعودی عرب کی قومی ٹیم کے کپتان مقرر ہوئے۔سعودی عرب منتقل ہونے سے قبل ندیم بابر پاکستان انڈر19 ٹیم کا حصہ رہے، کراچی ریجن کی نمائندگی کی اور کراچی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیلی۔محمد ندیم بابر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں بھی شرکت کی۔انہوں نے پاکستان اسٹیل مل،کے الیکٹرک،پاکستان کسٹمز،ڈیفنس ہاو سنگ اتھارٹی،پاکستان نیوی، این ڈی ایف سی، ہائسٹ کمپنی،پاک سعودی انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے بیٹنگ اور بولنگ میں شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔محمد ندیم بابر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) سے منظور شدہ کوچ بھی ہیں۔ وہ سعودی عرب کی جونیئر اور سینئر قومی ٹیموں کے ہیڈ کوچ کے فرائض بھی ادا کر چکے ہیں وہ چیف سلیکٹر کے منصب پر بھی فائز رہے ہیں۔اس وقت وہ ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے اہم رکن بھی ہیں۔محمدندیم بابر کی کرکٹ کے کھیل میں جدوجہد، غیر معمولی محنت، استقامت اور شاندار کارکردگی نے انہیں سعودی عر ب کے نوجوان کرکٹرز کیلئے ایک رول ماڈل کرکٹر بنا دیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں