کوئٹہ(آوازٹائمز)جمہوری وطن پارٹی کے سینئر رہنما نواب زادہ گہرام بگٹی نے کہا ہے کہ پارٹی کے مخلص اور نظریاتی کارکنان ہمارے لیے قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی قربانیاں اور جدوجہد آج بھی پارٹی کی مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں موجود چند سازشی اور مفاد پرست عناصر پر پارٹی کی گہری نظر ہے، اور ایسے عناصر کسی صورت پارٹی کی صفوں میں انتشار پیدا نہیں کر سکتے۔نواب زادہ گہرام بگٹی نے مزید کہا کہ جمہوری وطن پارٹی ہمیشہ اپنے محنتی، نظریاتی اور وفادار کارکنان کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے حقوق اور مقام کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتی رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کا مستقبل نوجوانوں، محب وطن کارکنان اور نظریاتی قوت کے ہاتھ میں ہے، اور جمہوری وطن پارٹی اپنی نظریاتی بنیاد اور عوامی خدمت کے دیرینہ سفر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے






