حب (ڈیلی آواز ٹائمز/ نیاز اللہ سمالانی)نیو بلوچ کالونی میں حب امن کمیٹی کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور اہم اجتماع منعقد ہوا، جس میں سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات، معززینِ علاقہ، عمائدین اور اہلیانِ محلہ نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس میں میر مظفر خان مکسی، میر احمد خان مکسی، احمد خان مکسی — پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، حب امن کمیٹی کے صدر شاہ جان مکسی، نائب صدر عبدالماجد مکسی اور ترجمان نظر علی مکسی سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
اجتماع کے دوران شرکاء نے علاقے میں پائیدار امن، بھائی چارے، باہمی اتحاد، رواداری اور علاقائی ترقی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ امن اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنا ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ اجتماعی اتحاد ہی علاقے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نیو بلوچ کالونی کے تمام مکین ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر علاقے کے وسیع تر مفاد میں متحد رہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
اس موقع پر حب امن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ کمیٹی عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور عوام و انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ امن کے ساتھ ساتھ تعلیم، روزگار، بنیادی سہولیات اور علاقائی ترقی کے لیے اجتماعی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
آخر میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیو بلوچ کالونی کے عوام محبت، اتحاد، بھائی چارے اور امن کا پیغام لے کر آگے بڑھیں گے اور علاقے کی بہتری و خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔






