کوئٹہ(آوازٹائمز) ایم پی اے حاجی میر زابد علی ریکی کی درخواست پر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ضلع واشک میں دانش اسکول کے قیام کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر کراچی کوئٹہ اور کوئٹہ چمن روڈ کی افتتاحی تقریب میں کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی بلوچستان و چیف آف بگٹی میر سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ بلوچستان کے پانچ اضلاع میں دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں، تاہم ضلع واشک انتہائی پسماندہ ضلع ہونے کے باوجود اس فہرست سے خارج ہے، جس پر وزیراعظم پاکستان نے بھری محفل میں اعلان کیا کہ بلوچستان کے پانچ کے بجائے چھ اضلاع، جن میں واشک بھی شامل ہے، میں دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔اس موقع پر حاجی میر زابد علی ریکی نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ واشک کے لیے دانش اسکول کی بحالی بڑا اقدام ہے، جو ان کی مسلسل محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلیمی منصوبہ واشک کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گا






