مظفرآباد (آوازٹائمز) وزیراعظم شہبازشریف نے آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد میں ایک جدید کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس نئے ہسپتال کا نام ”کشمیر انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکالوجی اینڈ ریڈیو تھراپی“ رکھا گیا ہے۔ یہ ہسپتال نہ صرف آزاد کشمیر کے عوام کے لئے ایک بڑا تحفہ ہے بلکہ پورے خطے میں کینسر کے علاج کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کچھ نہیں اور کینسر ہسپتال کی تعمیر کا مقصد مقامی سطح پر بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ اْنہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی ذکر کیا کہ وہ خود بھی کینسر جیسے موذی مرض کا شکار رہے ہیں اور اس بیماری کا علاج کروانا وسائل سے محروم افراد کے لئے کتنا مشکل ہوسکتا ہے، اس کا انہیں بخوبی اندازہ ہے۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ شاندار ادارے کا افتتاح کرنا میرے لیے ایک اعزاز ہے اور انہوں نے کینسر کے مریضوں کا علاج کرنے کو انسانیت کی خدمت قرار دیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اس ہسپتال کی بنیاد انسانیت کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے رکھی گئی ہے۔تقریب میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانوگروسی نے بھی ویڈیو پیغام میں اس پروجیکٹ کی اہمیت کو سراہا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں کینسر ہسپتال کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی کا استعمال عوامی فلاح کے لیے لائق تحسین ہے اور اس کا استعمال صحت کے شعبے میں ہونے والی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔افتتاحی تقریب کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا، جہاں حکام نے انہیں ان شعبوں کے بارے میں مکمل بریفنگ دی۔ اس ہسپتال کی تعمیر سے نہ صرف کینسر کے مریضوں کو جدید ترین علاج کی سہولت میسر آئے گی بلکہ یہ ادارہ تعلیمی میدان میں بھی اہم کردار ادا کرے گا






