وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ٹیکس اصلاحات پر نجی شعبے کے ماہرین کا اجلاس

اسلام آباد (آوازٹائمز/انعام اللہ اچکزئی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نجی شعبے کے ماہرین اور کاروباری شخصیات پر مبنی ٹیکس شعبے کی اصلاحات کے لیے ورکنگ گروپ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ورکنگ گروپ کے چیئرمین شہزاد سلیم سمیت دیگر ممبران بھی اجلاس میں موجود تھے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے پر مبنی ملکی معاشی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور کاروباری شخصیات و سرمایہ کار قابل احترام ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاروبار اور مضبوط معیشت ہی سے ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا اور طویل مدتی اقدامات کے ذریعے ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر اور مسابقتی بنایا جائے گا۔اجلاس میں نجی شعبے کے ماہرین کی جانب سے جامع تجاویز پیش کی گئیں، جن پر وزیرِ اعظم نے مشکور رہنے کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان تجاویز پر غور و خوض کے بعد انہیں قابل عمل بنانے کے لیے وزیر خزانہ کی صدارت میں کمیٹی قائم کی جائے گی، جو عملی اقدامات پر مبنی لائحہ عمل پیش کرے گی۔اجلاس میں کاروباری شعبے، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ٹیکس اصلاحات، ٹیکس شرح کا تقابلی جائزہ، اور خطے میں پاکستانی کاروباری شعبے کی مسابقت بڑھانے کے حوالے سے تجاویز پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ کاروباری شخصیات نے گزشتہ اجلاس میں ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج ختم کرنے کے فیصلے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں