کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر ثنا بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی حکومت کی جانب سے تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی پر پابندی کا فیصلہ دہشتگردی سے متعلق نہیں بلکہ ایک سیاسی انتقامی اقدام ہے، جس کا مقصد جماعت کو 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لینے اور پنجاب میں نمایاں ووٹ حاصل کرنے کی سزا دینا ہے۔سابق سینیٹر نے کہا کہ یہ عمل ایک خطرناک سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو سمجھتی ہے کہ پنجاب کے عوام کی سیاسی وابستگی چند قوتوں کی ذاتی ملکیت ہے۔ ثنا بلوچ کے مطابق اس طرح کے اقدامات جمہوریت، سیاسی تنوع اور آئینی آزادیوں پر براہِ راست حملہ ہیں، جو ملک کے جمہوری ڈھانچے کو کمزور کرتے ہیں۔






