اسلام آباد(ڈیلی آوازٹائمز)وفاقی وزیرِ خزانہ سینیر محمد اورنگزیب کی پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارتی فریم ورک، بہتر مارکیٹ تک رسائی اور دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔وزیرِ خزانہ نے واشنگٹن دورے، امریکی وزیرِ خزانہ، آئی ایم ایف حکام، ڈی ایف سی اور ایکسیم بینک کے ساتھ ملاقاتوں سے آگاہی دی اور بتایا کہ اس دورے میں بین الاقوامی سرمائے کی منڈیوں تک رسائی، زر مبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور طویل المدتی مالیاتی ذرائع پر حکومتی توجہ مبذولرہی۔پاکستان کے سرمایہ کاری کے شعبے میں امریکی مالیاتی اداروں بالخصوص ڈی ایف سی کی شرکت کو مزید وسعت دینے پر زوردیا گیا۔ملاقات میں بندرگاہیں، توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگوہوئی۔امریکی ناظم الامور نے مشکل علاقائی حالات کے باوجود پاکستان کی معاشی استحکام اور اصلاحاتی کوششوں کو سراہا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے یومیہ طریقہ کار اور مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات کے بار ے میں بھی بتایا گیا۔ملاقات میں امریکی کمپنیوں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے اور ساختیاتی اصلاحات کے ذریعے برآمدات پر مبنی ترقی کا عزم ظاہر کیاگیا






