وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے گل پلازہ سانحہ کے مقام کا دورہ کیا

کراچی (آوازٹائمز)وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے گل پلازہ سانحہ کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایات پر وفاقی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے کراچی پہنچے ہیں تاکہ متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے میں قیمتی جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو بھاری مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ سانحے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور جہاں کہیں گورننس کی کمزوریاں یا کوتاہیاں سامنے آئیں، انہیں دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔جام کمال خان نے کہا کہ صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے موقع پر موجود ہیں اور اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر اپنی پوری ذمہ داری نبھائے گی اور متاثرین و تاجر برادری کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور لوگوں کی مدد کے لیے جو بھی طریقہ کار ممکن ہوگا، اس پر عمل کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی سے ان کی پرانی وابستگی ہے اور یہ ان کا اپنا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا پاکستان کے لیے جو کردار اور تعاون ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ایف پی سی سی آئی، چیمبرز آف کامرس اور تاجر تنظیمیں حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں۔ جام کمال خان نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات، فائر سیفٹی اقدامات اور ایمرجنسی ایگزٹس کی عدم دستیابی بڑے نقصانات کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نہ صرف جامع منصوبہ دینا چاہیے بلکہ متبادل حل بھی فراہم کرنے چاہئیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کراچی میں پہلے بھی ایسے واقعات ہو چکے ہیں اور جدید تعمیراتی مواد آگ کو مزید بھڑکانے کا سبب بنتا ہے، اس لیے ماضی جیسے حالات نہیں رہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات اور ضروریات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جو صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر ایک جامع پلان تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو ریلیف دیا جائے گا اور ان کی جائز توقعات پوری کی جائیں گی۔شہر میں جاری ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے متعلق ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی ایسا اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اندر جاری تعمیراتی کام شہر کی بہتری کے لیے ہیں، تاہم کنٹریکٹرز کے پاس کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار رکنی نہیں چاہیے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں