لاہور (آوازٹائمز) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدرآیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے اسلام آبادمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اتفاق پایا گیا کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ ہمارے دشمن اور دوست مشترکہ ہیں۔ ملاقات میں علامہ مرید حسین نقوی، ڈاکٹر سید محمد نجفی،اورمولانا لعل حسین خان توحیدی بھی موجود تھے۔حافظ ریاض نجفی نے کہا پاکستانی عوام،ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، دشمن ناکام رہے گا۔امریکہ دباؤ کے حربے کے طور پرجنگی بحری بیڑے بھیج رہا ہے اورجنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے۔انہوں نے کہا ایرانی قوم اللہ سے ڈرتی ہے، وہ کسی اور سے خوفزدہ نہیں ہو سکتی۔ ایران نے پہلے بھی امریکہ کا مقابلہ کیا اوراللہ تعالیٰ نے فتح و نصرت عطا فرمائی۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی کے قیام ہی سے ایران امریکی استبداد کا مقابلہ کرتاچلا آرہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ امریکہ اسرائیل کا سب سے بڑا سرپرست اور فلسطینیوں کی نسل کشی میں برابر کا مجرم ہے، اسی لئے وہ ایران کو فلسطین کی حمایت سے ہٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا ایرانی عوام،حکومت اور سائنسدان کامیاب ہوں گے، کسی صورت ایران اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ایرانی سفیر رضاا میری مقدم نے حافظ ریاض نجفی کی آمد کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران، پاکستانی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کا عالمی حالات پر موقف ایک ہے اور صدیوں پرانے برادرانہ تعلقات بھی ہیں۔ انشاء اللہ ان تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی






