کوئٹہ(آوازٹائمز)جاپان میں تعینات پاکستان کے سفیر عبدالحمید بھٹہ کی جانب سے پاکستان جاپان بزنس فورم کے وفد کے اعزازمیں ایک پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین مرتضیٰ مانڈوی والا کی قیادت میں جاپان کے دورے پر موجود وفد نے نیشنل بنک آف پاکستان ٹوکیوبرانچ کے اشتراک سے منعقد ہونے والے پر تکلف عشائیے میں شرکت کی۔ عشایئے میں پاکستان جاپان بزنس فورم کے سابق چیئرمین کلیم فاروقی، جاپان کااعلیٰ ترین سول ایوارڈ ”دی آرڈر آف رائزنگ سن گولڈ ریز ودھ روزیٹ“حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اورحکومت پاکستان کی جانب سے ”تمغہ امتیاز“ حاصل کرنے والے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزراورپاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروزعالم شاہ، کوآرڈینیٹر منسٹری آف کامرس پاکستان احسن افضل رانا،ستارہ عارف اورسابق جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کے فروغ، دوطرفہ تجارتی تعلقات میں وسعت اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔جاپان میں تعینات پاکستان کے سفیر عبدالحمید بھٹہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے انتہا اور پر کشش مواقع موجود ہیں لہٰذا جاپان کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے بھرپور استفادہ کریں،پاکستانی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور پرکشش ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ٹوکیو میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات موجود ہیں، جاپان نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیاجس پر جاپانی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین مرتضیٰ مانڈوی والانے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی جاپانی کمپنیاں خاص طور پر گاڑیوں، الیکٹرانکس اور صارفین کی مصنوعات کے شعبوں میں کام کر رہی ہیں، جاپانی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد خوش آئند ہے ہم مزید جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کررہے ہیں۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزر سید فیروزعالم شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں تعینات پاکستانی سفیر عبدالحمید بھٹہ ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں وہ جاپان میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے سمیت پاکستان اورجاپان کے تجارتی و کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پل کا کردار ادا کر رہے ہیں جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں






