کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا پیشہ ور افراد کے تحفظ کے لیے قائم ہونے والے نئے کمیشن کے تمام معزز اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کمیٹی کا انتخاب اس بات کا عکاس ہے کہ پوری کمیونٹی نے ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ صحافیوں کی حفاظت، انصاف اور جواب دہی کے حوالے سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔نوابزادہ جمال رئیسانی نے مزید کہا کہ وہ اس کمیشن سے توقع رکھتے ہیں کہ یہ شفافیت، دیانتداری اور سنجیدگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا تاکہ وہ لوگ محفوظ رہ سکیں جو سچ بولتے ہیں اور طاقت کے سامنے حق کی آواز بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میڈیا کے پیشہ ور افراد کو اس سے کم کچھ بھی قابل قبول نہیں اور وہ موثر نتائج اور زمینی حقائق میں حقیقی تبدیلی کے منتظر ہیں۔






