اسلام آباد (آوازٹائمز)سری لنکا میں دتوا طوفان کی تباہ کاریوں کے بعد دورت(dort) سے انسانی جانوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے پیشِ نظر سری لنکن حکومت نے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی ہے۔ پاکستان نے اپنے برادر ملک کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے امدادی سامان اور ریسکیو ٹیموں کی روانگی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر لاہور سے کولمبو جانے والی پرواز کے ذریعے مزید 7.5 ٹن امدادی سامان روانہ کیا گیا، جس میں خیمے، ترپال اور خشک دودھ شامل ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان کمرشل پروازوں میں دستیاب خالی جگہ کو استعمال کرتے ہوئے مزید امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھے گا، تاکہ متاثرین تک بروقت اور مؤثر مدد پہنچ سکے۔پاکستان نے طوفان کے فوری بعد سے نہ صرف ضروری سامان فراہم کیا بلکہ ریسکیو ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دی ہیں۔ پاک آرمی کی امدادی ٹیمیں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں بھرپور مصروف ہیں جبکہ پاکستان نیوی کے بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر بھی سری لنکا میں جاری ریلیف آپریشن کا حصہ ہیں۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ادارہ خطے اور دنیا بھر میں قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کی امداد کے لیے ہمیشہ فعال کردار ادا کرتا رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں سری لنکا کی ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔پاکستانی حکام نے واضح کیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکا کے ساتھ تعاون کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا اور متاثرین کی بحالی تک امدادی کوششیں جاری رہیں گی






