اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز)امریکہ کا کہنا ہے پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے میڈیا بریفنگ میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے کو سراہا۔انہوں نے کہا مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے میں پیشرفت کا خیر مقدم کرتے ہیں، ملک کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تکنیکی رابطے جاری رکھیں گے جو دو طرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔پاکستان کو آئندہ بہت محنت کرنا ہوگی تاکہ طویل المدت اقتصادی بحالی اور خوشحالی کی پائیدار راہ پر گامزن رہ سکے، اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ امریکہ نے پاکستان یا کسی اور ملک کو کبھی بھی امریکہ یا چین میں سے کسی ایک کے انتخاب یا امریکہ اور کسی اور ملک کے درمیان انتخاب کے لیے نہیں کہا۔خیال رہے کہ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل آئی ایم ایف پاکستان کے ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر رضا مند ہو گیا۔ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8 اعشاریہ 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا پلان مان لیا ہے۔ عالمی بینک،ایشیائی ترقیاتی بینک،آئی ایم ایف،چین،یو اے ای اور سعودی عرب سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی،آئی ایم ایف سے قرض معاہدے کے تحت 3 ارب ڈالر حاصل کئے جائیں گے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اس سال کے دوران چین سے 3 اعشاریہ 5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا۔جبکہ یو اے ای سے 1 ارب ڈالر اور سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔ اسی طرح عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا پلان ہے۔






